کراچی امریکہ افغان طالبان سے اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے ۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے امریکی صدر کے پاکستان کو دیے گئے اس نوٹس پر کہ اگر پاکستان نے امریکہ کا ساتھ نہ دیا تو کئی نقصانات اُٹھانے پڑیں گے ، تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جنگ میں پاکستان نے جو بے انتہا قربانیاں دی ہیں ان کو تسلیم کرنے کی بجائے امریکہ کا پاکستان سے اس طرح کا توہین آمیز رویہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ امریکہ دیگر پاکستان دشمن قوتوں کے ہمراہ پاکستان کو کمزور کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ جبکہ دوسری طرف اندرون ملک سیاسی انتشار اور منافرت یہ ظاہر کر رہی ہے کہ ہم میں عالمی قوتوں کی ریشہ دوانیوں کا مقابلے کرنے کے لیے ہم آہنگی اور باہمی ربط بالکل نہیںپایا جاتا ۔ گویا ہم تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیںاور ان حالات میںاللہ بھی قرآن میں ہمیں ایک وارننگ دے رہا ہے کہ اگر تم اللہ کی مدد کرو گے تو اللہ تمہاری مدد کرے گا اور اگر تم نے اللہ اور اس کے دین سے بے وفائی کی تو پھر اللہ دیکھے گا کہ کون تمہاری مدد کر سکتا ہے ۔ لہٰذا ہمارے لیے اللہ کی مدد کے حصول کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہم اللہ کے دین کو قائم کرنے کے لیے مخلص ہو جائیں ۔