شاہ لطیف ٹاؤن میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے دہشتگرد افغان حساس ادارے اور سیکیورٹی فورسز کے سابق اہلکار ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق 1 دہشتگرد افغان حساس ادارے کا اعلیٰ افسر جبکہ دو سیکیورٹی فورسز کے سابق اہلکار ہیں، ان کو انٹیلی جنس اور آپریشن کا خاص تجربہ ہونے کے باعث دہشت گرد گروہ میں بھرتی کیا گیا تھا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام دہشت گرد بظاہر افغان فورسز چھوڑ کر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لئے کام کررہے تھے۔ دہشت گردوں کی جانب سے سندھ اسمبلی کے علاوہ ایک اور حساس عمارت پر حملے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی اور کچھ خاص شخصیات اور تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے جانے کا ٹاسک انہیں دیا گیا تھا۔